چنے انسانی صحت کے لیے نہایت مفید غذاؤں میں شمار

ماہرین غذائیت نے کہا ہے کہ چھولے اور چنے انسانی صحت کے لیے نہایت مفید غذاؤں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کا باقاعدہ استعمال جسمانی طاقت، ہاضمے اور دل کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، چنے پروٹین، فائبر، آئرن، میگنیشیم اور وٹامن بی سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم کے مختلف نظاموں کو متوازن رکھتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چنے خصوصاً ان افراد کے لیے بہترین غذا ہیں جو گوشت کم کھاتے ہیں یا سبزی خور ہیں کیونکہ یہ قدرتی پروٹین کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ایک کپ اُبلے ہوئے چنوں میں مناسب مقدار میں پروٹین موجود ہوتا ہے جو پٹھوں کی مضبوطی اور جسمانی توانائی میں اضافہ کرتا ہے۔ اسی طرح ان میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا اور قبض سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق چنے دل کے امراض سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں کیونکہ ان میں موجود حل پذیر فائبر کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ چنوں میں پوٹاشیم اور میگنیشیم جیسے معدنیات بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مددگار ہوتے ہیں۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ چنے وزن کم کرنے والوں کے لیے بھی بہترین انتخاب ہیں کیونکہ ان میں کیلوریز کم اور فائبر زیادہ ہوتا ہے، جس سے معدہ دیر تک بھرا رہتا ہے اور بار بار بھوک نہیں لگتی۔ اسی طرح یہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی مفید سمجھے جاتے ہیں کیونکہ ان کا گلیسیمک انڈیکس کم ہوتا ہے، جس سے خون میں شوگر کی سطح اچانک نہیں بڑھتی۔

طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ چنے جلد اور بالوں کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند قرار دیے جاتے ہیں کیونکہ ان میں زنک اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو جلد کو تروتازہ اور بالوں کو مضبوط بناتے ہیں، چنوں کو اُبال کر، بھگو کر یا بھنے ہوئے اسنیک کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم تلی ہوئی شکل میں زیادہ استعمال سے پرہیز کرنا چاہیے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر چنوں کو روزمرہ غذا میں مناسب مقدار میں شامل کیا جائے تو یہ قدرتی سپلیمنٹ کا کام کرتے ہیں اور کئی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ متوازن غذا کے اصولوں کے مطابق دالوں اور اناج کے ساتھ چنوں کا استعمال صحت مند زندگی کے لیے مفید ہے۔