وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ماں سے محبت کو ایک دن کے لیے مخصوص نہیں کیا جا سکتا۔ ماں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ماں جیسی ہستی اس دنیا میں سب سے بڑی نعمت ہے۔ ماں سے محبت کو ایک دن کے لیے مخصوص نہیں کیا جا سکتا۔ ماں سے محبت گود سے لے کر تاقیامت ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سب سے پیارا اور مٹھاس سے بھرا لفظ ماں ہے جبکہ پیار، خلوص اور شفقت کا دوسرا نام ماں ہے۔ سچے جذبوں سے عبارت ماں جیسے پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماں کی گود میں گزرے حسین ترین لمحات دنیا کے قیمتی ترین بستر پر بھی نصیب نہیں ہوتے، ماں کی دعا انسان کو فرش سے عرش تک لے جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جس مقام پر ہوں، یہ سب والدہ کی دعائوں سے ہے۔ کامل یقین ہے کہ والدہ مرحومہ کی دعائیں آج بھی میرے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام ماں کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں اور وطن کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کی ماں کو بھی سلیوٹ کرتا ہوں۔ آخر میں انہوں نے دل سے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہر ماںکوسلامت رکھے۔