بلاول بھٹو زرداری ہی پاکستان کا بہتردفاع کر سکتے ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کا موقف عالمی سطح پر بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لیے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سفارتی وفد کی سربراہی دیئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارجہ محاذ پر صرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی پاکستان کا بہتردفاع کر سکتے ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں، سینیٹر وقار مہدی نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے کا توڑ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بہتر کوئی اور نہیں کر سکتا، حالیہ پاک – بھارت جنگ میں بھی انہوں نے سفارتی و عالمی میڈیا کے محاذ پر پاکستان کو سخرو کیا۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ امور اور سفارتکاری میں مہارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ورثے میں ملی ہے، جو اپنے نانا قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور اپنی عظیم والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن و مشن کے وارث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خود مختارخارجہ پالیسی کی معمار پیپلز پارٹی کی قیادت ہے۔ وقار مہدی کا کہنا تھا کہ بطور وزیر خارجہ بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی شاندار اور بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جو ناقابلِ فراموش ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیرِ خارجہ پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کیا اور دنیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مستحکم و مضبوط کیا، جبکہ عالمی میڈیا اور ہر عالمی فورم پر بھی پاکستان کا مقدمہ ہمیشہ مؤثر اور مدلل انداز میں پیش کیا۔ وقار مہدی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا فخر ہے اور عوام کے مقبول لیڈر ہیں