روزہ کی عبادت کا اصل پیغام ہے کہ اللہ کے دین کو غالب کرنے کی جدوجہد کرو

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے استقبالِ رمضان پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک مالکِ کائنات کی اہلِ ایمان پر نعمتوں، برکتوں، مغفرتوں، توبہ و استغفار کے لئے سعادتوں بھرا کا مہینہ ہے۔ ماہِ رمضان میں روزے فرض کئے گئے ہیں تاکہ اہلِ ایمان کے اندر تقویٰ کی صفت مضبوط ہو اور وہ راہِ ہدایت پر ایک نئے عزم اور ایمانی قوت کیساتھ گامزن ہوں۔ رمضان المبارک ماہِ قرآن ہے، قرآنِ کریم اللہ کی آخری کتاب اور وکتابِ انقلاب ہے، اِس ماہِ مبارک میں اہلِ ایمان قرآن مجید کی کثرت سے تلاوت کرکے اپنے قلوب و اذہان کو کتابِ الٰہی کی فیوض و برکات سے منور کرتے ہیں۔ روزہ کی عبادت کا اصل پیغام ہے کہ اللہ کے دین کو غالب کرنے کی جدوجہد کرو، اللہ کی مخلوق کا حق ادا کرو، ہر طرح کے جبر، کفر، ظلم کے مقابلہ میں استقامت کا راستہ اختیار کرو۔ ماہِ رمضان کو کھیل کُود، نمود و نمائش، بدتہذیبی کی حرکات کا شکار کرنے کی بجائے گھر، خاندان، معاشرہ اور پورے سماج کو اسلامی تہذیب و اقدار کا گہوارہ بنایا جائے۔ ماہِ رمضان میں ہی 10 رمضان المبارک یومِ باب الاسلام، 17 رمضان المبارک معرکہ بدر کی عظیم فتح اور 27 رمضان المبارک کو پاکستان کی آزادی اہلِ ایمان کے لئے جدوجہد، قربانیوں اور اسلامی نظریاتی بنیادوں پر مستقل جدوجہد کا پیغام ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت، میڈیا گروپس اور تجارت و صنعت ماہِ رمضان کے احترام کے لئے قرآن و سُنت اور ملکی قوانین کی پابندی کریں، تاجر اور صنعت کار ذخیرہ اندوزی اور مال کی ہوس میں قیمتوں میں ناجائز اضافے جیسے ظلم سے اجتناب کریں، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری سے بچتے ہوئے اللہ اور اُس کے رسولﷺ کے احکامات کی پابندی میں بڑی برکات ہیں۔ میڈیا گروپس ماہِ رمضان کی نشریات کو حقیقی معنوں میں اُسوہِ رسولﷺ کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ بنائیں۔ اتحادِ اُمت اِس وقت اہلِ ایمان کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لئے فلسطینیوں اور کشمیریوں کی پشتیبانی کرنا عالمِ اسلام کی اولین ذمہ داری ہے۔ قرآنِ کریم کا حق ہے کہ اِس کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اِس میں درج احکامات کو سمجھتے ہوئے اِن پر عمل کیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران ہمت کریں اور 27 رمضان المبارک کو آئینِ پاکستان کی روح کے مطابق قرآن و سُنت کی بالادستی کو عملاً تسلیم کرنے کا اعلان کریں، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لئے پیش کرنے کا عزم کریں اور اسلامی معاشی نظام کے نفاذ کے لئے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کا صدقِ دل سے روڈ میپ دیں۔ حکمرانوں کے لئے رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں، عبادات و مناجات کو بارگاہِ الٰہی میں شرفِ قبولیت دِلانے کا سب سے بہترین راستہ یہی ہے کہ مملکتِ خداداد پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی، فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔