دفاعی تعاون، سلامتی اور بین الاقوامی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نائجیرین وزیردفاع اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں جن میں دفاعی تعاون، سلامتی اور بین الاقوامی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نائیجیریا کا سرکاری دورہ کیا۔

اس دوران انہوں نے نائیجیریا کے وزیر دفاع محمد بدارو ابوبکر، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل کرسٹوفر گوابن موسیٰ سمیت مسلح افواج کی قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں فوجی تعاون مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

View this post on Instagram

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نائیجیریا کے چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اولوفیمی اولاٹوبوسم اولیوید، چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل ایمانوئل اکیچکو اوگالا اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل حسن بالا ابوبکر سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کو درپیش چیلنجوں، انسداد دہشت گردی، دفاعی تعاون، سلامتی اور بین الاقوامی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ ملاقاتوں کے دوران دونوں اطراف سے دفاعی اور فوجی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔