سکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں اقوام عالم کیلئے مثال ہیں،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ برطانیہ کیساتھ باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں اقوام عالم کیلئے مثال ہیں،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کے وزیر برائے فیتھ اینڈ کمیونیٹیز لارڈ واجد خان نے ملاقات کی،وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ اوربرطانیہ کے وزیربرائے انٹرفیتھ اینڈکمیونیٹیز نے انسداد دہشتگردی، سکیورٹی اور کراس بارڈر جرائم کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

برطانوی وزیر لارڈ واجد خان نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداءکے خاندانوں سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔لارڈ واجد خان نے افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی ملک واپسی کا سلسلہ احسن طریقے سے جاری ہے۔ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو عزت کے ساتھ واپس ان کے وطن بھجوایا جا رہا ہے۔ قانونی دستاویزات کے حامل غیر ملکی شہری کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کایہ بھی کہنا تھا کہ پوری دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جس کے ہر طبقے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ اقوام عالم اس جنگ میں بلا تاخیر پاکستان کا ساتھ دے اور اس ضمن میں برطانیہ کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان برطانیہ کے ساتھ باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ وزیر مملکت طلال چودھری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وطن واپسی کے عمل میں غیر قانونی غیر ملکیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔