فیڈرل ایکسائذ ڈیوٹی ختم

اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن اسرار الحق مشوانی نے پراپرٹی کی خریدو فروخت پر فیڈرل ایکسائذ ڈیوٹی ختم کرنے سے متعلق چیئرمین ایف بی آر کی گفتگو کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا اس فیصلے سے ملک میں رئیل اسٹیٹ بزنس میں بہتری آئے گی اور ابہام دور ہوجائیں گے‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں میڈیا کے ذریعے اطلاع ملی ہے کہ پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے کی سمری کابینہ کو ارسال کردی گئی اور کابینہ کی منظوری کے بعد ایف ای ڈی کے خاتمے کا اطلاق ہوگا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی فنانس کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ وزیراعظم نے ایف ای ڈی ختم کرنے کی منظوری دے دی، پراپرٹی کی خریداری کی حد مقرر نہیں کی گئی۔اشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ ایف ای ڈی کے خاتمے کے لیے سمری ارسال کردی، پراپرٹی کی خریداری پر فائلر کے لیے عائد 3 فیصد ایف ای ڈی ختم ہوگی۔چیئرمین ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ پراپرٹی کی خریداری پر لیٹ فائلر کے لیے 5 فیصد ایف ای ڈی ختم ہوگی جبکہ نان فائلر پر عائد 7 فیصد ایف ای ڈی ختم ہو جائے گی۔