صدر مملکت آصف زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں بھارت کے حالیہ غیرذمہ دارانہ اقدامات اور قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیرداخلہ نے پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے تناظر میں بریفنگ دی۔وزیرداخلہ نے صدر مملکت کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا ، صدر زرداری نے قومی سلامتی کمیٹی کے بروقت اقدامات اور فیصلوں کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے قوم کے دل کی آواز ہیں، قومی سلامتی کمیٹی نے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے، قوم سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے، بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں بنتا اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔