وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے”ایئر پنجاب“ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں پہلی صوبائی ایئر لائن ”ایئر پنجاب“ کا پراجیکٹ پیش کیا گیا۔
”ایئر پنجاب“ کے لیے فوری طور پر 4 ایئر بس طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا اور مریم نواز نے ”ایئر پنجاب“ کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں لاہور ییلو لائن اور ماس ٹرانزٹ لائن گوجرانوالہ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا جبکہ جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تا ہربنس پورہ ییلو لائن پراجیکٹ اسٹڈی 30 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن کی پراجیکٹ اسٹڈی کے لیے 15جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے جبکہ اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
علاوہ ازیں لاہور سے راولپنڈی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی، پاکستان ریلوے کے اشتراک سے تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے یئے مختلف آپشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے اشتراک کا ٹاسک سونپ دیا ہے، بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔
مریم نواز نے پنجاب کے مزید 6 روٹس پر ہائی اسپیڈ ٹرین کے لیے بھی پلان طلب کرلیا۔ لاہور سے شاہدرہ اور نارووال تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلائی جائے گی۔ لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک بھی ہائی اسپیڈ ٹرین چلے گی۔
شیخوپورہ، جڑانوالہ سے شور کوٹ تک ہائی اسپیڈ ٹرین کا روٹ ہوگا۔ ہائی اسپیڈ ٹرین شور کوٹ سے جھنگ اور جھنگ سے سرگودھا چلائی جائے گی۔
لالہ موسیٰ سے سرگودھا براستہ ملکوال ہائی اسپیڈ ٹرین چلائی جائے گی، فیصل آباد سے چک جھمرہ اور شاہین آباد تک ہائی اسپیڈ ٹرین کا روٹ ہوگا۔